دیرینہ تنازعے پر 3افراد کا قتل،ملزموں کو گرفتار کرنے کاحکم

 دیرینہ تنازعے پر 3افراد کا قتل،ملزموں کو گرفتار کرنے کاحکم

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)ڈی آئی جی لاڑکانہ نے ضلع شکارپور کے تھانہ جہاں واہ کی حدود میں مارفانی اور بھیا برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانے تنازعے پر تین افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے۔۔

 ایس ایس پی شکارپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے ،اس حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے بتایا کہ گاؤں دریا خان میں بھیو میں مارفانی اور بھیا برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانے تنازعے پر 22 سالہ نوید بھیو ، ان کی اہلیہ 20 سالہ فاطمہ اور 20 سالہ نانا خاتون زوجہ نثار بھیو کو قتل کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے ایس ایس پی شکارپور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو بلا تاخیر گرفتار کرنے اور ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو ملزمان کی گرفتاری تک جائے وقوعہ پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے سچل تھانہ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے تمام معاملات کا جائزہ لیا اور تھانے کے رجسٹر، لاک اپ، مالخانہ، اسلحہ، اہلکاروں کی تعیناتی، زیر تفتیش اور زیر التواء مقدمات کا جائزہ و معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں، سرکاری اسلحے ، گاڑیوں، تھانے کی عمارت کی حالت اور دیگر وسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے لاڑکانہ تھانے کے اندر پولیس پکٹس، چوکیوں اور پٹرولنگ پلان کے حوالے سے متعلقہ پولیس افسران سے معلومات لی اور اس سلسلے میں ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو ریکارڈ کی دیکھ بھال کے لیے ضروری ہدایات دیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں