کندھ کوٹ :بے امنی کے خلاف ہزاروں افراد کا امن مارچ

 کندھ کوٹ :بے امنی کے خلاف ہزاروں افراد کا امن مارچ

کندھکوٹ(نمائندہ دنیا)کندھکوٹ میں بے امنی کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اغواء،لوٹ مار کی وارداتیں،قبائلی تنازعات ختم کرو ،امن کی دھرتی پر امن دو کے نعروں سے امن مارچ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ ضلع میں ڈاکو راج، اغوا، لوٹ مار، چوری اور قبائلی تنازعات کے باعث خوف کی زندگی گز ارنے والے ہزاروں شہریوں نے آل پارٹیز موومنٹ کی کال پر ڈی سی آفس سے امن ریلی نکالی ۔ ریلی میں شریک شہریوں نے امن کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ،شرکا ء میں اسکولز کے طلباء، مختلف سیاسی و سماجی کارکنان، صحافی، ڈاکٹر، وکلاء، ہندو برادری کے افراد شامل تھے ۔ریلی شہر کے دل ٹاور چوک اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ۔اس موقع پر شہر امن کی دھرتی پر امن چاہیے ، غنڈہ گردی بند کرو، قبائلی تنازعات کی آڑ میں بیگناہ انسانوں کا قتل عام بند کرو کے نعروں سے گونج اٹھا۔شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نصراللہ چنہ، ظریت بجارانی، غلام مصطفیٰ میرانی، دلمراد ڈاھانی، چودھری دیوان لال، صوفی ڈاکٹر سریش کمار، بشیر احمد میرانی سمیت دیگر نے کہا کہ کندھکوٹ میں امن وامان مکمل تباہ ہو گیا ہے ،پولیس امن قائم کرانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ پولیس کا آپریشن صرف دکھاوا ہے ،کوئی بھی مغوی مقابلے میں بازیاب نہیں ہوا اور نہ ہی کو ئی ڈاکو مارا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پولیس خود ڈاکوؤں کی ساتھی بنی ہوئی ہے اسلئے ڈاکو طاقتور ہو گئے ہیں جس کے باعث مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں ۔ ہم آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بے امنی کا نوٹس لیکر کندھکوٹ کے عوام کو امن سے زندگی گز ارنے کاموقع دیا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں