کے الیکٹرک نے سالانہ 3لاکھ یونٹس کی بجلی چوری پکڑلی

 کے الیکٹرک نے سالانہ 3لاکھ یونٹس کی بجلی چوری پکڑلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کے الیکٹرک کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ لیاری اور ایف بی ایریا میں بڑے پیمانے پر کنڈا ہٹاؤ مہم چلائی گئی، جس میں 2800 کلو گرام غیر قانونی کنکشنز کو کے الیکٹرک کے نیٹ ورک سے ہٹایا گیا۔

 بجلی چور سالانہ تقریباً 3 لاکھ سے زائد بجلی کے یونٹس کی چوری میں ملوث تھے ۔ترجمان کے الیکٹرک نے بجلی چوری کے چیلنج سے نمٹنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر اداروں کو تعاون کرنے پر سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ کمپنی صارفین، علاقے کے نمائندوں اور منتخب عہدیداروں سے مل کر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔ کنڈے کے ذریعے بجلی کی چوری نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ لوڈشیڈنگ اور حادثات کا سبب بھی بنتی ہے ۔پاور انفرااسٹرکچر کو سخت حفاظتی پیرامیٹرز کے مطابق تربیت یافتہ اہلکاروں کے ذریعے نصب کیا جاتا ہے ۔ کسی غیرمجاز شخص کی جانب سے انفرااسٹرکچر میں دخل اندازی سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے ۔ ترجمان نے مزید کہاکہ غیرقانونی کنڈے بجلی کے تاروں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جس کے باعث بجلی کی فراہمی کے نظام میں خرابی جیسے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، جو صارفین کے لیے تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ کنڈا مافیا کے خلاف عوام سے اپیل ہے کہ ادارے کے ساتھ تعاون کریں ، تاکہ لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں