خواتین اہلکاروں کے بچوں کیلئے ڈے کیئر سینٹرقائم

خواتین اہلکاروں کے بچوں کیلئے ڈے کیئر سینٹرقائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس ہیڈکوارٹر سعود آباد ملیر میں خواتین پولیس اہلکاروں کے لیئے ڈے کیئر سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ،ایس ایس پیز ایسٹ، کورنگی و ملیر سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ایس پی جمیشید کوارٹر علینہ راجپر نے ڈے کیئر سینٹر کے قیام اور اسکے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر میں خواتین پولیس اہلکاروں کے ایک تا آٹھ سال کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے انتظامات میسر آسکیں گے ۔ وزیر داخلہ سندھ نے خواتین پولیس اہلکاروں کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیئے ڈے کیئر سینٹر کے قیام کو سندھ پولیس کی جانب سے انتہائی مستحسن اور لائق ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے پولیس سے وابستہ خواتین اپنے بچوں کو ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑ کر ہر قسم کی فکر و پریشانی کو بالائے طاق رکھ کر انتہائی انہماک اور دل جمعی کیساتھ محکمانہ فرائض سرانجام دے سکیں گی۔اس موقع پر انہوں نے ڈے کیئر سینٹر کی طرز پر کراچی کے دیگر پولیس ہیڈکوارٹرز میں بھی خواتین اہلکاروں کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیے مراکز کے قیام کی تجویز دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈے کیئر سینٹر میں گھریلو ناچاقی، جھگڑوں سے متاثرہ عام خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کو بھی ممکن بنایا جائے ۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی ایسٹ نے وزیر داخلہ سندھ کو سندھ پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں