ملیر ایکسپریس وے پر کام تیز کیا جائے ،وزیر بلدیات

ملیر ایکسپریس وے پر کام تیز کیا جائے ،وزیر بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کے تحت سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے اور تمام عوامی منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے ۔

 ملیر ایکسپریس وے پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرکے جو جو انٹرچینج مکمل ہوجائیں ان کو عوام کے لئے کھولنے کے اقدامات کئے جائیں۔ کے ڈی اے کے تحت 92 اسکیموں میں جہاں جہاں فنڈز کی کمی ہے اس کی فوری رپورٹ بنا کر دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کومحکمہ بلدیات کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید خالد حیدر شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ اندرون سندھ عبدالغنی شیخ، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت حسین و دیگر موجود تھے ۔اجلاس میں ملیر ایکسپریس وے ، شارع فیصل سمیت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ پی ڈی ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے پر کام تیزی سے جاری ہے اور 27 ارب روپے کی لاگت سے 38 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے 30 جون 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کے ڈی اے کے تحت 92 جاری اسکیموں بشمول شارع فیصل کی بیوٹیفکیشن کی اسکیم کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات دی کہ جو منصوبے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہیں اس کی فوری رپورٹ پیش کی جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں