ادویات ، سرجیکل آلات کی خریداری میں گھپلے

ادویات ، سرجیکل آلات کی خریداری میں گھپلے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کے اکاؤنٹس اور بجٹ کے شعبہ جات کی مبینہ ملی بھگت سے ادویات و سرجیکل آلات کی خریداری میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف۔۔۔

ملوث افسران اور بااثر گروپ کی جارہ داری کے سامنے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ بھی بے بس ہو گئی ، ذرائع کے مطابق ہیلتھ اتھارٹی کے شعبہ اکاؤنٹس اور بجٹ کے افسران نے مقامی ٹریڈنگ کمپنیوں سے ملی بھگت کر کے انتہائی سستے داموں پروموشنل ادویات ،انجکشنز اور سرجیکل آلات خریدکر کئی گناہ زائد بل پاس کروائے ، قوائد و ضوابط کے مطابق جب کوئی پراڈکٹ زیادہ تعداد میں خریدی جاتی ہے تو اس کا ریٹ عام مارکیٹ سے کم ہوتا ہے ، مگر اس کے برعکس لگ بھگ تمام ادویات، انجکشنز اور سرجیکل آلات کئی گناہ مہنگے خریدے گئے ،اس ضمن میں یونیورسٹی روڈ، بلاک نمبر4اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم بعض نجی ڈسٹری بیوٹرز جن میں ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی شامل ہیں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان ڈسٹری بیورٹرزکو100روپے میں پڑنے والاایک انجکشن سرکاری کھاتے میں ساڑھے 6سو روپے میں ڈالا گیا اسی طرح ہسپتالوں کیلئے خریدی گئی ادویات ،انجکشنز و سرجیکل آلات کی قیمتوں کاکھلی مارکیٹ سے تقابلی جائزہ سے پتا چلا کہ متذکرہ ٹھیکیدار کمپنیوں کی ایک ایک آئٹم کی خریداری میں 70فیصد تک فائدہ پہنچا کر متعلقہ افسران نے مبینہ چمک کے عوض بلوں پردستخط کئے ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ادویات کی خریداری پر چند لوگوں کے ایک مخصوص گروپ کی اجارہ داری ہے جو بطور ٹھیکیدار عرصہ دراز سے ہیلتھ اتھارٹی کے ہسپتالوں کو متذکرہ آئٹمز سپلائی کر رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے افسران بالا کو بھی علم ہے مگر وہ صورتحال کنٹرول کرنے کی بجائے پردہ داری پر توانائیاں صرف کر رہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں