سی ای او واٹر کارپوریشن کی تعیناتی غیر قانونی ، مزدور رہنما

 سی ای او واٹر کارپوریشن کی تعیناتی غیر قانونی ، مزدور رہنما

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر کارپوریشن کے مزدور رہنما کھل کر سی ای او واٹر کارپوریشن کے سامنے آگئے ۔ آبکار ورکز یونین کے مرکزی عہدیدار مزدور رہنما جنید صدیقی کا کہنا ہے کہ سی ای او کی تعیناتی غیر قانونی ہے ۔

 چیف ایگزیگٹو آفیسر سید صلاح الدین احمد نے واٹر کارپوریشن کو اپنی جاگیر بنادیا ہے ۔ ملازمین کو میڈیکل کی سہولتوں کا فقدان ہے ، ریفامز کا شور کیا جارہا ہے ، بتایا جائے پچھلے ڈیڑھ سال میں واٹر کارپوریشن میں کیا بہتری لائی گئی ہے ، آج مزدوروں کے عالمی دن پر واٹر کارپوریشن کے مزدور کئی مسائل سے دوچار ہیں۔منگل کو میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آبکار ورکز یونین کے مرکزی عہدیدار مزدور رہنما جنید صدیقی نے کہا ہے کہ نہ ملازمین کو میڈیکل کی سہولتیں مل رہی ہے اورنہ اوور ٹائم دیا جارہا ہے ،اس کے علاوہ ادارے کی مالی حالت میں کوئی نمایاں بہتری بھی نہیں آسکی ہے ۔ چیف ایگزیگٹو آفیسر صلاح الدین احمد خود غیر قانونی طور پر تعینات ہوئے ہیں، اس لئے ان کو یہ فکر نہیں ہے کہ ملازمین کے مسائل کیا ہیں۔ سی ای او صاحب صرف عالمی بینک کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ واٹر کارپوریشن میں گریڈ 1سے 15تک کا ملازم مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔ آج یکم مئی کو مزدروں کا عالمی دن اب صرف چھٹی کا دن رہ گیا ہے ۔ مزدروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جارہے ۔ مزدور رہنما جنید صدیقی کا مزید کہنا ہے کہ وہ جلد ایک وائٹ پیپر جاری کریں گے جس میں میڈیکل اور فنانس ڈپاٹمنٹ میں کی جانے والے کرپشن کا پردہ چاک کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں