میرپورخاص :پولیس 4 روز قبل اغوا لڑکی کو بازیاب نہ کراسکی
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس 4 روز بعد بھی مغوی مسلمان لڑکی کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے ، ورثا مہران پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹنے پر مجبور ۔
میرپورخاص کے علاقے گوٹھ بابو شاہ کی رہائشی مسلمان 15 سالہ لڑکی بھاگی ہنگورو کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب 3 ملزمان کار میں اغوا کر کے فرار ہوگئے تھے ۔ پولیس نے مغوی کے بھائی سیفل ہنگورو کی مدعیت میں ثاقب مسیح، پنھل مسیح اور راشد مسیح کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے ، جو پہلے بھیل برادری سے تعلق رکھتے تھے ۔ سیفل ہنگورو نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا لیکن چار روز گزرنے کے باوجود مغویہ کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ میری بہن کو جلد بازیاب کراکر ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔