گندم اگاؤ مہم،ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک تفویض
ملتان(وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ کا گندم کی کاشت میں اضافے پر خصوصی فوکس ہے ۔
کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے ڈپٹی کمشنرز کو فی ایکٹر گندم کاشت کی بڑھوتری کی ذاتی نگرانی کا حکم دے دیا۔انہوں نے ڈویژنل کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں 18 لاکھ 20 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کا ہدف حاصل کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے کسانوں کو معاشی مستحکم کرنے کیلئے کسان کارڈ کا اجرائکیا جس کے تحت کاشتکارنوٹیفائیڈ ڈیلرز سے کسان کارڈ کے ذریعے کھاد، بیج وغیرہ کی خریداری کررہے ہیں۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ ڈویژن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے ۔مصنوعی مہنگائی مافیا کی سرکوبی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نظر آئیں۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ملتان ڈویژن میں ڈینگی کنٹرول میں ہے ، مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔بھرپور ان ڈور، آوٹ ڈور سرویلنس یقینی بنا کر ڈینگی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ ستھرا پنجاب مہم میں تمام یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ بنایا جائے ۔ دوسری جانب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے چاروں اضلاع میں صفائی کا نظام نجی سیکٹر کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔اس سلسلے میں کمشنر مریم خان کی صدارت میں ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر کمشنر مریم خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں دیہی یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹاسک مقرر کیا گیا ہے ۔تمام یونین کونسلز کی آئوٹ سورسنگ کا عمل کرکے صفائی نظام میں بہتری لائی جائے گی۔تمام اضلاع کی ڈمپنگ سائٹس اور ویسٹ پوائنٹس کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جائے ۔ڈپٹی کمشنرز ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سورسنگ کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کریں۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شہر کی مثالی صفائی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم چلائی جارہی ہے ۔