لیاری ندی کے اطراف اربن فاریسٹ بنانے کا آغاز
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو اربن فاریسٹ کے ذریعے سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔۔
ان درختوں سے کراچی کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی، ملیر ندی کے بائیں کنارے پر تین ہزار پودے لگائے جا رہے ہیں، کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بھی شجر کاری مہم شروع کی جائے گی،شہر کے تمام چھوٹے بڑے پارکوں کو بدستور بہتر کر رہے ہیں اور ان کی ازسرنو تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز لیاری ندی گلشن اقبال کے اطراف اربن فاریسٹ بنانے کے کام کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔ اس موقع پر میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین اسد امان، جمن دروان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ اربن فاریسٹ کی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں کامیابی کے ساتھ استعمال ہور ہی ہے ،یہ وقت کی ضرورت ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرکے شہر کو سرسبز بنایا جائے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہاکہ اربن فاریسٹ کے ساتھ ساتھ کراچی کی شاہراہوں کے اطراف اور گرین بیلٹ میں بھی شجرکاری کی جائے گی اور خاص طور پر موسم کی مناسبت سے پھول اور پودے لگائے جائیں گے ۔
یہ انتظام بھی کیا جا رہا ہے کہ ان پھولوں اور پودوں کی نگہداشت ہوتی رہے اور یہ تناور اور سایہ دار درخت کی شکل اختیار کرلیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بڑے پارکس کو بھی بہتر بنایا گیا، کلفٹن میں باغ ابن قاسم میں شہریوں کے لئے مختلف سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں جس کے بعد اب شہریوں کی ایک بڑی تعداد وہاں آرہی ہے اور اس سے باغ ابن قاسم کی رونق میں اضافہ ہو رہا ہے ، کراچی کے ہر ضلع میں واقع پارکوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور بند پارکوں کو بھی شہریوں کے لئے کھولا جا رہا ہے تاکہ علاقہ مکینوں کو اپنی رہائش گاہ کے قریب تفریحی سہولت میسر آسکے ، انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور دیگر تفریحی مقامات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ان کے ساتھ آئے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے یوسی چیئرمینز اور خواتین سٹی کونسل ممبران نے پودے لگائے اور لیاری ندی کے قریب مقام کو سرسبز بنانے کا آغاز کیا۔