امتحانی پیپرز چیک کرنے والوں کیلئے تربیتی ورکشاپس کاانعقاد

امتحانی پیپرز چیک کرنے والوں کیلئے تربیتی ورکشاپس کاانعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ امتحانی نظام میں اصلاحات کے لیے تمام تر ٹیکنالوجیز بروئے کار لائیں گے کیونکہ ایک طالب علم کے ساتھ غلط اسیسمنٹ سے بڑی ناانصافی کوئی اور نہیں ہوسکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپرومنٹ پروجیکٹ (ایس ایس ای آئی پی) کے تحت سندھ میں امتحانی کاپیاں چیک کرنے کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے منعقدہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان سومرو اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے ۔ایس ایس ای آئی پی کے ذریعے امتحانی نظام میں اصلاحات اور کاپیاں چیک کرنے میں بہتری کے لیے ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے (مئی تا اگست) میں نویں تا بارہویں جماعت کے پانچ کلیدی مضامین شامل ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں انہی درجات کے لیے باقی لازمی اور انتخابی مضامین شامل ہوں گے ۔پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان سومرو نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ اس ورکشاپ کے پہلے مرحلے میں 400 اساتذہ حصہ لے رہے ہیں اور دوسرے مرحلے میں 600 اساتذہ شرکت کریں گے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ صوبے میں آئندہ امتحانات مارچ میں منعقد کرائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں