اسٹیل مل انتظامیہ گلشن حدید کو پانی فراہمی میں ناکام

اسٹیل مل انتظامیہ گلشن حدید کو پانی فراہمی میں ناکام

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)اسٹیل مل انتظامیہ گلشن حدید کو پانی کی فراہمی کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔گھارو پمپنگ اسٹیشن پر 9 دن بجلی خراب ہونے کے بعد پانچ دن سے بجلی ٹھیک ہونے کے باوجود گلشن حدید کو پانی کی فراہمی مکمل بحال نہ ہوسکی۔ مکین پانی کے ٹینکر مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔

اسٹیل مل کی گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی خرابی اور پانی کی لائنیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے گلشن حدیداسٹیل ٹاؤن کو 9 دن پانی فراہم نہیں کیا گیا تھا اب گزشتہ 5 دن سے بجلی کا فالٹ دور کے ہونے کے باوجود پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے ۔ گلشن حدید کو پانی دینے کے لئے نیشنل ہائی وے پر بنائے گئے پانی کے تالاب اب بھی خالی ہیں کیونکہ مل کا بلک واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ ان تالابوں کو ابھی تک نہیں بھرسکا ہے ۔ مل انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے گلشن حدید کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں مکینوں نے گھروں کے سامنے بورنگ کروائی ہے جبکہ دیگر علاقہ مکین مہنگے داموں پر پانی کے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔گلشن حدید فیز ٹو کے ایل،8ایل،9ایل، 10ایل، 13ایل اور14 مارکیٹ کے رہائشی گھروں میں گزشتہ کئی سالوں سے پانی نہیں آرہا ہے جبکہ مل انتظامیہ سالوں سے پانی نہ دینے کے باوجود مکینوں سے ہر ماہ باقاعدہ پانی کا بل بھیج کروصولی بھی کرتی ہے ۔ مکین انتہائی پریشانی کا شکار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں