انٹر سال اول میں داخلوں کے قواعد و ضوابط جاری

 انٹر سال اول میں داخلوں کے قواعد و ضوابط جاری

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے انٹر سال اول میں داخلوں کے قواعد و ضوابط جاری کرتے ہوئے مرکزی داخلہ پالیسی میں اوپن میرٹ اے ون اور اے گریڈ تک محدود کر دیا ہے۔

 جبکہ دیگر تمام گریڈز کے حامل امیدوار زونل پالیسی پر داخلہ حاصل کرسکیں گے اور یکم جولائی کو شروع ہونے والے انٹرسال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے ۔سندھ کے محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج داخلہ کے تحت کراچی سمیت سندھ کے سرکاری کالجوں میں سیشن 25-2024کے لیے انٹر سال اول میں داخلہ پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے ۔الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج داخلہ کے طریقہ کار کے تحت ویب سائٹ seccap.dgcs.gos.pk پر امیدواروں اپنی درخواستیں آن لائن جمع کراسکیں گے جس کی آخری تاریخ 25 جولائی ہے اور 30 جولائی تک کالجوں میں داخلوں کیلئے تمام فیکلٹیز کی پلیسمنٹ لسٹوں کا اجرا ہوگا ۔ پالیسی کے تحت کالج زون سسٹم اس سال کراچی ریجن میں جاری رکھا جائیگا جس سے طلبہ اپنے قریبی کالجوں میں داخلہ لے سکیں گے ، صرف گریڈ اے ون اور اے گریڈ کے طلبہ کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔اسی طرح بی، سی، ڈی اور ای گریڈ والے طلبہ اپنے قریبی متعلقہ زون میں ہی درخواست دے سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں