پانی وبجلی بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا،شہر بھر میں احتجاج

پانی وبجلی بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا،شہر بھر میں احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گرمی میں اضافے کے ساتھ بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے ،شہر قائد میں گلی ،محلوں میں روزانہ کی بنیاد پربدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں 15سے 18گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ لائنزایریا،شاہ لطیف کالونی ، لانڈھی ،کورنگی ، ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن ، ایف بی ایریا، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، لیاری ، پی اینڈ ٹی کالونی گزری ، گارڈن ، نشتر روڈ اور اطراف کی رہائشی آبادی میں طویل بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے ۔گرمی میں پانی اور بجلی نہ ہونے کے سب شہری بلبلا رہے ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے سبب کراچی میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے ۔سب سے زیادہ متاثر ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد ، بفرزون اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔علاوہ ازیں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف لیاری کے عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ لیاری کے مکینوں نے بڑی تعداد میں کراچی پریس کلب کے سامنے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں، اس دوران مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کرکے مظالم کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ لوڈشیڈنگ نے جینا حرام کردیا ہے ، اس گرمی میں 15سے 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، نہ رات کو چین نہ دن کو سکون ہے ،کے الیکٹرک والے عوام کی شکایات بھی نہیں سن رہے ہیں ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ شہر میں صرف ان علاقوں میں بجلی کی بندش ہوتی ہے جہاں فالٹس آتے ہیں جب کہ عدم ادائیگی کے سبب کچھ علاقوں کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے ۔کے الیکٹرک اپنے واجبات کی وصولی کے لئے روزانہ اقدامات کررہی ہے ۔ واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ نے شہر میں پانی کے بحران پر کہا کہ گرمی میں پانی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے ، شہر کو ویسے ہی آدھا پانی میسر ہے جب کہ بجلی بندش کے سبب پانی کی سپلائی کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے ۔ واٹر کارپوریشن تمام صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں