سندھ میں کمیونٹی مڈ وائف پراجیکٹ شروع کرنے کااعلان

سندھ میں کمیونٹی مڈ وائف پراجیکٹ شروع کرنے کااعلان

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)خاندانی منصوبہ بندی سمیت زچگی سے قبل اور اس کے بعد خواتین کی تولیدی صحت کے حوالے سے بہتری لانے کے لیے محکمہ بہبود آبادی، محکمہ صحت اور پاپولیشن کونسل کے اشتراک سے صوبے بھر میں کمیونٹی مڈ وائف پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن کے پانچ اضلاع کی مشترکہ آبادی تقریباً 90 لاکھ سے زائد ہے جبکہ صوبائی سرحدی پٹی پر بلوچستان کے پسماندہ اضلاع نصیر آباد، جعفرآباد اور جھل مگسی سمیت دیگر موجود ہیں ، شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین کا ماننا ہے کہ دیہی سندھ اور بلوچستان کے بیشتر پسماندہ اضلاع میں خواتین کی تولیدی صحت کے حوالے سے کئی مسائل موجود ہیں، جبکہ لاڑکانہ اور گرد و نواح میں 2019 میں پاکستان کے سب سے بڑے ایچ آئی وی آؤٹ بریک کے بعد اب تک سیکڑوں حاملہ ایچ آئی وی پازیٹو خواتین ایڈز کنٹرول ٹریٹمنٹ سینٹرز پر رجسٹرڈ ہوچکی ہیں ۔محکمہ صحت سندھ کے ڈپارٹمنٹ کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی دیہی خواتین اب بھی ایسی ہیں جو ابھی تک رجسٹرڈ نہیں کی جاسکی ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ متاثرہ آبادیوں سے ملحقہ اضلاع اور علاقوں میں ماس اسکریننگ کی کمی ہے ۔ماہرین کے مطابق ایچ آئی وی سے ہٹ کر بھی خواتین کی تولیدی صحت کے حوالے سے نیوٹریشن، کم عمر کی شادیاں اور دیہی علاقوں میں اتائی ڈاکٹرز کی بھرمار سمیت دیگر مسائل موجود ہیں اور ان مسائل کے سنجیدہ حل کے لیے متعلقہ علاقوں میں تربیت یافتہ کمیونٹی مڈ وائف کی اشد ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں پاپولیشن کونسل کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی مڈ وائف صحت عامہ کے نظام میں بہتری کا اہم حصہ ہیں اور فرنٹ لائن ہیروز ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں