گلشن حدید میں 6دن بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

گلشن حدید میں 6دن بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گلشن حدید میں پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، چھ دن گزرنے کے بعد بھی گلشن حدید فیز ون کی بجلی تاحال بحال نہ ہو سکی ۔

سخت گرمی میں بجلی کی طویل بندش کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں ۔گلشن حدید کے دونوں فیز میں پانی کی قلت کو اسٹیل مل انتظامیہ دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل کے رہائشی علاقے گلشن حدید فیز ون اور فیز ٹو میں گزشتہ آٹھ دن سے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہونے کے ساتھ گلشن حدید فیز ون میں گزشتہ چھ دن سے بجلی بھی غائب ہے اور بجلی کی خرابی مل انتظامیہ 6 دن گزرنے کے بعد بھی ٹھیک کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے جس کے باعث لاکھوں نفوس کی آبادی والے علاقے گلشن حدید میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔معلومات کے مطابق اسٹیل مل کے محکمہ پی ڈی این کی جانب سے بجلی کے فالٹ اب تک نہیں ڈھونڈے جا سکے ۔اسٹیل مل حکام کی نااہلی کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں لیکن مل حکام کو عوام کی کسی بھی مجبوری کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔گلشن حدید کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ گلشن حدید کے دونوں فیز میں پانی کی فراہمی اور فیز ون میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں