پانی مافیا کے ارب پتی سرغنہ نے بڑے نام اگل دیے،کارروائی کیلئے اجازت طلب

پانی مافیا کے ارب پتی سرغنہ نے بڑے نام اگل دیے،کارروائی کیلئے اجازت طلب

کراچی (رپورٹ:محمد علی حفیظ )کراچی میں 15 برس سے پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک چلانے والا پانی مافیا کا سرغنہ شکیل مہر مبینہ طورپراربوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا، شہر کے پوش علاقوں میں بنگلوں، پٹرول پمپس بڑی کوچیز اور ٹینکرز سمیت کئی جائیدادیں رکھنے کا پانی چور شکیل مہر نے اعتراف بھی کرلیا۔

سیکورٹی اداروں کے اعلی حکام کے سامنے کئے گئے اعتراف پر مبنی خصوصی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہریوں کے حصے کا لاکھوں گیلن پانی روزانہ چوری کرکے فروخت کرنے والا پانی مافیا کا سرغنہ شکیل مہر راتوں رات مالا مال ہوگیا ،ایک سیکورٹی ادارے کے افسران کے سامنے دوران حراست پانی مافیا کے سرغنہ شکیل مہر نے  پانی کی چوری اس سے ہونے والی آمدنی اور سیاسی شخصیات کی سرپرستی اور کالے دھن سے بنائی گئی اثاثوں کی تفصیلات بیان کردیں ۔ دنیا نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق پانی چوری کا سرغنہ کراچی کے تین صنعتی علاقوں سائٹ ایریا ، کورنگی اور نیو کراچی انڈسٹریل زون میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک چلاتا آرہا ہے، اس کو وفاق اور صوبے کے با اثر سیاسی رہنمائوں کی مکمل حمایت حاصل تھی، یہی وجہ رہی کہ کراچی میں پانی چوری کے درجنوں مقدمات میں نامزد ہونے کے باوجود پانی مافیا کا سرغنہ شکیل مہر کبھی بھی زیادہ عرصے پولیس کی قید میں نہیں رہا ۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیاکہ شکیل مہر کے ڈیفنس میں بنگلے ، سائٹ ایریا کراچی میں پٹرول پمپس اور ٹرانسپورٹ کے کام کیلئے بڑی بسیں اور کئی ٹینکرز جس کی مالیت اربوں روپے میں بنتی ہے یہ سب پانی مافیا کے مرکزی کردار کی ملکیت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری افسران کے سامنے پانی چوری کے بڑے نیٹ ورک میں شامل تمام کرداروں کے ناموں کو شکیل مہر نے بے نقاب کردیا ہے ۔ذرائع کا دعوی ہے کہ شکیل مہر نے پانی چوری کیلئے ڈالی گئی لائنوں اور تمام سیٹ اپ سے متعلق جو معلومات فراہم کی ہیں اس معلومات پر سیکورٹی ادارے مزید کام کررہے ہیں جبکہ اعترافی بیان میں جن شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں ان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کیلئے اعلی حکام سے اجازت طلب کرلی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں پانی مافیا کا سرغنہ شکیل مہر ضمانت پر باہر ہے لیکن اہم ترین سرکاری اداروں نے 24گھنٹے اس پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے جبکہ اس سے رابطوں میں رہنے والے عناصر کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی مافیا کا سرغنہ شکیل مہر آنے والے دنوں میں بڑے بڑے ناموں کے خلاف ہر سطح پر گواہی دینے کیلئے راضی نظر آرہا ہے ۔دوسری طرف شہر میں پانی چور مافیا کے خلاف رینجرز اور واٹر کارپوریشن کا آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ لیاری ندی کے نیچے سمیت اطراف کے علاقوں میں قائم پانی چوری کا نیٹ ورک ختم کیا جارہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں