ٹاؤنز میں فنڈز کی منتقلی کا نظام یکساں رکھا گیا،ڈپٹی میئر

ٹاؤنز میں فنڈز کی منتقلی کا نظام یکساں رکھا گیا،ڈپٹی میئر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد بلوچ نے کہا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز میں فنڈز کی منتقلی کا نظام یکساں رکھا گیا ہے ۔۔

تمام ٹی ایم سیز کلک اور اسمارٹ ریسرچرز کے نمائندوں کے ساتھ تعاون کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میونسپل کارپوریشن کی عمارت میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ میں ورلڈ بینک ، کلک اور اسمارٹ ریسرچرز کے تعاون سے پانچ سیشنز پر مشتمل ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والی ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی میئرکراچی سلمان مراد بلوچ کا کہنا تھا کہ رواں برس سندھ حکومت نے سالانہ بجٹ میں بھی تمام سب ٹی ایم سیز کو یکساں فنڈ تقسیم کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا تمام ٹاؤنز کے ساتھ بہتر تعلقات اور رابطے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عید الاضحیٰ میں آلائشوں کے اٹھانے کا آپریشن احسن انداز میں مکمل ہوا۔اختتامی تقریب میں پروجیکٹ منیجر اسمارٹ ریسرچرز ڈاکٹر منظور حسین میمن،اسمارٹ ریسرچرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین اللہ خان اور ڈائریکٹر اسمارٹ ریسرچرز خرم احمد نے ڈپٹی مئیر کراچی سلمان مراد بلوچ کے ہمراہ شرکاء کو تعریفی اسناد اور تحائف تقسیم کئے ۔علاوہ ازیں شہر کے مختلف برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پرڈپٹی میئر نے کہا کہ متوقع بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کے کام کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔شہر میں روزانہ کی بنیاد پر برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور اسے مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ برسات کے دوران بھی ان نالوں میں برساتی پانی کی نکاسی ہوسکے ۔بڑے اور چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے ، برسات کے دوران عملے کو فعال رکھا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں