نیو کراچی ٹاؤن میں رین ایمرجنسی نافذ ، چھٹیاں منسوخ

نیو کراچی ٹاؤن میں رین ایمرجنسی نافذ ، چھٹیاں منسوخ

کراچی(این این آئی)ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی میں رین ایمر جنسی نافذ کردی گئی ، متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ دوران ِ برسات خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔۔

،برساتی نالوں کی صفائی کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے ۔بارانِ رحمت کو اہل نیو کراچی ٹاؤن کے لئے زحمت نہیں بننے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورے کے دوران برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ ٹاؤن چیئرمین نے نالوں کی صفائی پر مامور متعلقہ افسران و عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقو ں میں پانی کھڑا ہوجاتا ہے جس کی نکاسی کو ممکن بنایا جائے ،محکمہ ریسکیو ،سینی ٹیشن اور محکمہ صحت کو بھی عوام کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لئے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا عملہ دوران برسات ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے فیلڈ میں موجود رہے گا۔انہوں نے مکینکل اینڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ مرمت طلب گاڑیوں کو قابل استعمال بناکر آن روڈ کیا جائے تاکہ افرادی قوت اور مشینری کے ذریعے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے با آسانی نمٹا جاسکے ۔ انتظامیہ کی مربوط حکمت عملی کی وجہ سے عوام کو د وران برسات مکمل ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین نے کہا کہ نیو کراچی کی مین شاہراہوں پر قائم برساتی نالوں کی صفائی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے ان کی جانب سے صرف ایک ایکسیویٹر کام کررہا ہے جبکہ نیو کراچی ٹاؤن نے کرائے پر حاصل کرکے تین ایکسیویٹر(ہیوی مشینری) نالوں کی صفائی پرمامور کئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں