بدعنوانی پر دو ٹائونز کے افسران تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر آگئے

بدعنوانی پر  دو  ٹائونز  کے  افسران  تحقیقاتی  اداروں  کے   ریڈار  پر  آگئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کرپشن اور بدعنوانی کے معاملے پر گلبرگ اور نیو کراچی ٹاؤنز کے افسران تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر آگئے ، جس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن)نے گلبرگ ٹاؤن کے ڈائریکٹر ٹیکسز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کے عہدے پر موجود گریڈ18 کے افسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ٹیکسز کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا جبکہ نیو کراچی ٹاؤن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور انچارج موٹر وہیکل کیخلاف اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردیں۔ٹاؤنز چیئرمین کے قریبی افسران اور کوآرڑنیٹرز سمیت دیگر افسران کیخلاف بھی تحقیقات شروع کئے جانے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن)نے گلبرگ ٹاؤن اور نیو کراچی ٹاؤن کے افسران کیخلاف سنگین کرپشن اوربدعنوانیوں کے الزامات پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور افسران کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کردی ہے ،اس سلسلے میں گلبرگ ٹاؤن کے ڈائریکٹر ٹیکسز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کے عہدوں پر موجود گریڈ18 کے افسر عارفین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکسز ایڈورٹائزمنٹ محمد عارف کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں اور دونوں کو تحقیقات کیلئے طلب بھی کیا جاچکا ہے ۔دوسری طرف نیو کراچی ٹاؤن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور انچارج موٹر وہیکل محمد مشتاق کیخلاف بھی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں محمد مشتاق کو بھی تمام ریکارڈ سمیت طلب کیا جاچکا ہے ۔ ٹاؤنز ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران کیخلاف کرپشن اور بدعنوانیوں کی سنگین شکایات پر تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ٹاؤنز کے بعض کمیٹیوں کے چیئرمین کیخلاف بھی تحقیقات شروع کئے جانے کا امکان ہے جس میں نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے نام شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی چیئرمین مبینہ طور پر کرپٹ افسران کی سرپرستی اور ان کی لوٹ مار میں سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں