منشیات کی روک تھام کے اقدامات ، داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کرنے کا سلسلہ شروع

منشیات  کی  روک  تھام کے اقدامات ،  داخلی  راستوں  پر  چیک  پوسٹیں  قائم  کرنے  کا  سلسلہ  شروع

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر کراچی کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں بنانے کا کام شروع ہوگیا۔

ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی بھاری نفری آج ہی سے مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کرے گی ۔شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیک پوسٹوں کے قیام مقصد منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے نظام کو موثر بنانا ہے ۔ اس سلسلے میں مختلف اسٹریٹجک مقامات پر نفری کی تعیناتی فوری طور پر موثر ہوگی۔منشیات کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے نارکوٹکس کنٹرول وِنگ کو مضبوط بنانا حکومت سندھ کا عزم ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلی سطح کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کے آپریشنز کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے افرادی قوت بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں موٹر وہیکل ونگ سے 100 سے زائد کانسٹیبلز کو نارکوٹکس کنٹرول ونگ میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ڈرگ ٹیسٹنگ جلد شروع کی جائے گی، اس سلسلے میں تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات معاشرے کو کھوکھلا کر رہی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں