سول اسپتال میں آئی سی یو وارڈ جلد مکمل کیا جائے ،سیکرٹری صحت

سول اسپتال میں آئی سی یو وارڈ جلد مکمل کیا جائے ،سیکرٹری صحت

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) سیکرٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز لاڑکانہ ڈاکٹر عبدالستار شیخ، چانڈکا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیاز حسین ڈہر اور دیگر حکام کے ہمراہ سول اسپتال میں زیر تعمیر 45 بستروں پر مشتمل آئی سی یو وارڈ کا دورہ کیا۔۔

 جہاں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئی سی یو وارڈ کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ بعد ازاں سیکرٹری صحت نے ٹراما سینٹر، سرجیکل آرتھوپیڈک، گائناکالوجی وارڈ، سٹی او پی ڈی، شعبہ ایکسرے اور سینٹرل لیبارٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں سے طبی سہولیات سے متعلق معلومات لیں۔ سیکریٹری نے حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ دورے کے دوران محکمہ صحت کے حکام نے سیکرٹری صحت کو بتایا کہ لیپرو اسکوپی مشین، سی ٹی اسکین مشین اور ایم آر آئی مشین کئی ماہ سے بند ہے ، انہیں فعال کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں، جس پر انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب سیکرٹری محکمہ صحت نے چانڈکا اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی شہر کی آبادی کے لحاظ سے ایمرجنسی میں زیادہ مریضوں کی گنجائش نہیں، جس کے لیے ایک اور پورشن مختص کیا جائے ۔ دریں اثنا سیکرٹری صحت ریحان اقبال بلوچ نے محکمہ صحت کے افسران سے میٹنگ کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیکل آئی سی یو وارڈ کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں