حکام کی لاپرواہی،شہر کے 100سے زائد یو ٹیلیٹی سٹورز پر اشیا ئے خورونوش کی قلت

حکام کی لاپرواہی،شہر کے 100سے زائد یو ٹیلیٹی سٹورز پر اشیا ئے خورونوش کی قلت

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)شہریوں کو سستے اور سبسڈائزڈ ریٹس پر اشیاء خورونوش کی فراہمی کیلئے شہر کے 100 سے زائد مقامات پر قائم کئے گئے ۔

یوٹیلٹی سٹورز مبینہ طورپر حکام کی عدم توجہی اور غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے ، شہر کے بیشتر سٹورز میں دالوں، چینی، گھی، آٹے ، چاولوں اور دیگر اشیاء خورونوش کا فقدان رہنا معمول بن چکا، سبسڈی بھی محض بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کارڈ ہولڈرز تک محدود ہوکر رہ گئی ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں یوٹیلٹی سٹورز حکام کی جانب سے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی دینے کے نام پر شہر بھر میں 100 سے زائد مقامات پر یوٹیلٹی سٹورز قائم کئے گئے اور وہاں سستے اور سبسڈائزڈ ریٹس پر اشیاء خورونوش کی فراہمی کے دعوے بھی کئے جارہے ہیں لیکن تمام تر دعوے اور اقدامات کاغذی کارروائیوں تک ہی محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کے بیشتر یوٹیلٹی سٹورز پر ڈیمانڈ کے مطابق سامان کی سپلائی نہ دئیے جانے کی وجہ سے آٹے ، گھی، چینی، دالوں، اور چاولوں سمیت دیگر اشیاء خورونوش کا فقدان رہنا معمول بن چکا ہے جبکہ خریداری کیلئے آنے والے عام شہریوں کو فراہم کی جانے والی ریلیف اور سبسڈی کے نام پر مبینہ طورپر انوکھا مذاق کیا جارہاہے ۔ ذرائع کے مطابق بینظیر انکم اسپورٹ کارڈ ہولڈرز کیلئے مقرر کی گئی قیمتیں تو عام مارکیٹ سے کم مقرر کی گئی ہے لیکن عام شہریوں کیلئے قیمتیں اوپن مارکیٹ کے برابر ہی ہیں جس کی وجہ سے شہری اوپن مارکیٹوں سے خریداری کو ترجیح دیتے ہیں اور ایسے میں ملازمین کی تنخواہوں، یوٹیلٹی بلز اور دیگر اخراجات کی صورت میں کئے جانے والے خرچ کی وجہ سے یوٹیلٹی سٹورز ہر ماہ خسارے کا شکار بنتا جارہاہے ۔ شہریوں کی جانب سے بھی حکام سے مطالبات کئے جارہے ہیں کہ یوٹیلٹی سٹورز پر سامان کی متواتر سپلائی یقینی بنانے کے ساتھ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں