غیر قانونی مذ بحہ خانےبرقرا،مضر صحت گوشت کی فروخت جاری
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی میں عدم تعاون کے باعث غیر قانونی مذبحہ خانے اور۔
مضر صحت گوشت کی فروخت بند نہ ہوسکی، شہری مہنگے داموں ناقص اور مضر صحت گوشت خریدنے پر مجبور ہیں ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں صحت مند جانور کا گوشت خریدنا ناممکن ہوچکا ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت کے باعث مضر صحت گوشت کی فروخت جاری ہے ، قصابوں کی جانب سے بیمار اور قریب المرگ جانور خرید کر کسی گلی محلے میں بنے نجی مذبحہ خانے یا علی الصبح قصاب کے پھٹے کے پاس ہی زبحہ کر دیئے جاتے ہیں، چند منٹوں میں ہی ایسے جانور کی کھال اتار کر گوشت کے چار ٹکڑے کرکے پھٹے یا دکان پر لٹکا دئیے جاتے ہیں اس گوشت پر سرکاری ڈاکٹر کی مہر بھی نہیں ہوتی، قصابوں کی جانب سے بیمار اور لاغر جانور کے مضر صحت گوشت کا وزن بڑھانے کے لیے پانی بھی لگایا جاتا ہے جس سے گوشت انسانی صحت کے لیے مزید خطرناک بن جاتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق قصاب جب جانور زبحہ کرتے ہیں تو باریک اور پریشر والے پائپ سے جانور کی جگلر وین میں پانی ڈالتے ہیں،اس طریقے سے پانی لگانے سے گوشت میں موجود پروٹین ڈی نیچر ہونا شروع ہوجاتا ہے ، مائیو فیبرول اور مائیکرو فیبرول ٹوٹنے لگتے ہیں اور گوشت گلنا سڑنا شروع ہوجاتا ہے اور یہ کھانے کے قابل نہیں رہتا۔ ماہرین کے مطابق ایسا گوشت انسانی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کرتا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرکاری مذبحہ خانوں میں بھی مبینہ طور پر مضر صحت گوشت پاس کروانے کے لیے مذبحہ خانے میں موجود ڈاکٹر کو چھوٹے جانور کے 300 اور بڑے جانور کے 600 روپے دئیے جاتے ہیں ۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ندیم کہتے ہیں جو بھی گوشت بغیر لائیو سٹاک کی مہر کے فروخت ہوتا ہے اس کے خلاف کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے ۔