اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا تابناک مستقبل ہیں، گورنر

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا تابناک مستقبل ہیں، گورنر

کراچی (اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا تانباک مستقبل ہیں،مجھے اپنے ان نوجوانوں سے بڑی توقعات ہیں یہی نوجوان ملک کو معاشی طور پر مستحکم و مضبوط کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔۔

جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل نوجوان آج مختلف شعبہ جات میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے 32ویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانووکیشن میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، پروفیسرز ، اساتذہ ، طلبہ و طالبات کے والدین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین گھروں میں بیٹھنے کی بجائے معاشی، اقتصادی اور سماجی سرگرمیوں میں شامل ہوں کیونکہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتاہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج سوشل میڈیا پر آسانی سے افواج پاکستان کے لئے جو دل میں آتا ہے لکھتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ یہی فوج ہماری حفاظت کررہی ہے اگر یہ کمزور ہوگئی تو دشمن مضبوط ہوگا۔ہمیں اپنے دلوں سے نفرتوں کے بیج کو ختم کرنا ہے ، سب کچھ بن جانے کے بعد وطن کی عزت نہ ہو تو کوئی فائدہ نہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں ہمت نہیں ہارنی اور اس کا عملی مظاہرہ گورنر ہاؤس میں کر کے دکھا دیا ہے ، جہاں طلبافری آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں ۔کانووکیشن میں گورنر سندھ و چانسلر کامران خان ٹیسوری نے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں بھی دیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں