میرپور خاص میں دودھ مہنگا،210روپے کلو میں فروخت

 میرپور خاص میں دودھ مہنگا،210روپے کلو میں فروخت

میرپورخاص، جیکب آباد (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا)میرپورخاص میں دودھ فروش بے لگام ، فی کلو دودھ کی قیمت میں مز ید دس روپے اضافہ کر کے 210 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔۔۔

 ضلعی انتظامیہ نے دودھ کی فی کلو قیمت 190 روپے مقرر کر رکھی ہے لیکن انتظامیہ اس پر عملدرآمد کرانے سے قاصر ہے ۔ اطلاعات کے مطابق میرپورخاص میں دودھ فروشوں نے دس روپے فی کلو مزید اضافہ کر کے دودھ 210 روپے فروخت کرناشروع کردیا ہے ،تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے اور لوگ مہنگے داموں دودھ خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگے داموں دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ جیکب آباد میں کیمیکل سے تیار کردہ دودھ فروخت کیاجارہاہے ،کیمیکل والے دودھ کے استعمال سے ہزاروں لوگ مختلف امراض میں مبتلاہوگئے ہیں، انتظامیہ نے مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں کیمیکل سے تیار کیا جانے والا دودھ شہرکے ہر علاقے میں سرعام فروخت کیا جارہا ہے ، شہر کے اکثر ہوٹلوں پر کیمیکل والے دودھ کی چائے فروخت کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں شہری مختلف امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں، کیمیکل سے تیار دودھ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مقامی انتظامیہ کوئی ایکشن لینے کیلئے تیار نہیں ہے ،شہریوں کی شکایات پر کبھی کبھار انتظامیہ ایکشن میں آتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں