حالات کی بہتری کیلئے ملک گیر مہم کی ضرورت،ثروت قادری

حالات کی بہتری کیلئے ملک گیر مہم کی ضرورت،ثروت قادری

کراچی(آن لائن)مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے مرکز اہلسنت سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کو بہتر کرنے کے لیے قومی سطح پر ملک گیر مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔

بجلی ،پانی اورگیس ملک میں نایاب ہورہی ہے ۔تمام محکموں کو بہتر کرنے کے لیے موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی جامع پالیسی نہیں ہے ۔قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ ازخود نوٹس لے ۔ملک کی عدالتیں قوم کے تحفظ کے لیے ہوتی ہیں۔اس ملک میں ایک عدلیہ ہی ہے جس پر پوری قوم کی نظریں ہیں۔عدلیہ ہی ہے جو تمام محکموں سے جواب طلب کر سکتی ہے ورنہ کسی کی کیا مجال جو ان محکموں کے سامنے کھڑا ہو سکے ۔ریاست اگر عوام کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں کر سکتی تو پھر ایسے حکمرانوں کی عوام کو کیا ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اور محکمے قوم کے ساتھ صرف مذاق کر رہے ہیں۔جب دل چاہتا ہے یہ محکمے اپنی من پسند قیمت مقرر کر دیتے ہیں۔ملک کے حکمران بھی ان محکموں کی کرپشن میں برابر کے ملوث ہیں۔ان سب کے خلاف اعلیٰ عدلیہ خود تحقیقات کرے اور انہیں سر عام سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کی ہمت نہ ہو سکے کہ وہ ملک کے مفادات کے خلاف جا سکے ۔عوام کے پیسے سے چلنے والے محکمہ عوام کے سروں پر ناچ رہے ہیں۔پرانے وقتوں میں اگر عوام کوئی احتجاج کرتی تھی تو اس احتجاج کی وجہ سے حکومت ہل جاتی تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں