گڑھی خدا بخش :نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے دھرنا

 گڑھی خدا بخش :نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے دھرنا

نوڈیرو(نمائندہ دنیا)گھوٹکی کے شہر میر پورماتھیلو کے صحافی نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے شہید کی والدہ مائی پٹھانی کی سربراہی میں سول سوسائٹی اور برادری کے افراد کا قافلہ گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ گیا۔

 شرکاء نے نصر اللہ گڈانی کی تصاویر اٹھارکھی تھیں۔قافلے کو روکنے کیلئے لاڑکانہ پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور گڑھی خدابخش آنے والے راستوں بھمن پلاٹ، پنجوڈیرو، لاڑک فارم ہاؤس، نوڈیرو روڈ پر کنٹنر اور دیگر کو رکاوٹیں رکھ کر بند کردیاگیا جب کہ شدید گرمی میں نوڈیرو کے صحافی سلیم رضا سولنگی بے ہوش ہوگئے ،تاہم قافلے کے شرکا ء روکاٹوں کے باوجود پولیس گردی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پیدل گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ گئے جہاں پر تعینات اہلکاروں نے قافلے کو مزار کی جانب بھی جانے سے روکنے کی کوشش کی، مگر قافلے میں شامل افراد تمام رکاوٹیں عبور کر تے ہوئے گڑھی خدابخش بھٹو کے مزار کے گیٹ نمبر 12 پر پہنچ گئے ۔قافلے میں شامل شہید کی والدہ مائی پٹھانی،بھائی یعقوب گڈانی ،سینئر صحافی نعمت کھڑو اور سول سوسائٹی سمیت شہید کے خاندان کے دیگر افراد قاتلوں کی گرفتاری کیلئے گڑھی خدابخش مزار کے باہر دھرنا دیکر بیٹھ گئے جب کہ انتظامیہ کیجانب سے مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کیلئے بات چیت کو جاری رکھا گیا۔ آخری اطلاعات تک مظاہرین ایڈیشنل ایس پی حسیب سومار میمن کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کیلئے کئی دفعہ رابطہ کرنے کے باوجود مسلسل انکار کرتے رہے اور پولیس سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں