بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال کنٹرول میں ہے ، ڈپٹی میئر

بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال کنٹرول میں ہے ، ڈپٹی میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بارشوں کی بعد شہر کی صورتحال کنٹرول میں ہے ، شہر کے تمام انڈر پاسز اس وقت کلیئر ہیں جبکہ برساتی نالوں میں چاکنگ پوائنٹس بھی کلیئر ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی،واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں الرٹ ہیں،کوشش کریں گے کہ بارشوں میں شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،یہ بات انہوں نے منگل کوبارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی میئر نے حب ریور روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کیماڑی، کے ڈی اے چورنگی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا ، انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کی نکاسی پر مامور کے ایم سی کا عملہ مشینری اور پمپس سمیت سڑکوں پر موجود ہے جہاں سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں وہاں نکاسی آب کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں، بلدیہ عظمیٰ نے بارشوں کے آغاز سے قبل ہی نالوں کی صفائی کا عمل شروع کردیا تھا جس کی وجہ سے نالوں کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا اور کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش نہیں آئی تاہم پیشگی تیاریوں کے علاوہ بھی بارشوں کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں اور متعلقہ محکمے اور عملہ اس سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں