حکومت کی درخت گاؤمہم کا آغاز ،2لاکھ پودے لگائے جائیں گے

حکومت کی درخت گاؤمہم کا آغاز ،2لاکھ پودے لگائے جائیں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے درخت اگاؤ مہم کا آغاز کردیا گیا جو 31 اگست تک جاری رہے گی۔چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی میں کمشنر کراچی مون سون ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز پودا لگا کر کیا۔

یہ مہم بدھ (آج) تک جاری رہے گی، جس کے دوران کراچی میں 2 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس صدی کا سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے ، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے ، اور درخت لگانے سے اس کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کا مقصد پودا لگانا ہی نہیں بلکہ اس کی دیکھ بھال کرکے درخت بنانا بھی ہے ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی سے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے شجرکاری کے ماحولیاتی اور معاشی فوائد کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مربوط کردار ادا کرنا ہوگا۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف سیکریٹری سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ مہم میں شہر کے مختلف علاقوں میں 2 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کی بھی متعلقہ محکموں کو ذمے داری دی گئی ہے تا کہ لگائے گئے پودے پیڑ بن جائیں۔اس مہم کے دوران کمشنر کراچی، سیکریٹری فاریسٹ، سیکریٹری انوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر سائوتھ اور دیگر افسران نے بھی پودے لگائے جو سرکاری سطح پر اس مہم کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے ۔مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرزاق اور ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی نے لانڈھی جیل ملیر میں پودا لگایا۔ شجر کاری مہم کے موقع پر لانڈھی جیل میں 100 سے زائد پودے لگائے گئے ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل سید ارشد شاہ اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر کراچی ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ملیر بھی موقع پر موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں