تاجروں کا احتجاج، بڑا ہول سیل بازاربند کردیا

 تاجروں کا احتجاج، بڑا ہول سیل بازاربند کردیا

کراچی(آن لائن)ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم پر تاجربرادری نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ،کراچی میں چھوٹے تاجر احتجاج پر اتر آئے ،ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم پر ملک کا سب سے بڑا ہول سیل بازار مکمل بند کردیا گیا ۔

چھوٹے تاجروں کے احتجاج میں کراچی چیمبر شامل ہوگیا۔صدر کراچی چیمبرافتخار احمدشیخ نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کی ہڑتال سمیت ہر احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چیئرمین ایف بی آر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ، ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم پر کراچی چیمبر چھوٹے تاجروں کے ساتھ ہے ،ہم نے ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم پر اعتراض کرکے اناملی بنائی ہے اور اسے وزیراعظم کو بھیج دیا ہے ۔صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کو مسترد کرتے ہیں، حکومت 60 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس کا ازسرنو جائزہ لے ،چھوٹے تاجر کسی صورت اس رقم کو ادا نہیں کرسکتے ۔گروسرز مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدرعبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ 14 اگست کی وجہ سے اجناس منڈیوں کی ہڑتال مؤ خر کی ہے ،اگرہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ملک بھر کی غلہ منڈیاں غیر معینہ مدت کیلئے بند کردینگے ۔ رؤف ابراہیم نے کہا کہ اگر تاجروں کے مسائل پر آواز اٹھانا جرم ہے تو میں یہ جرم کرتا رہوں گا۔ٹڈاپ کے سربراہ زبیرموتی والانے ہمیں کہا کہ وہ ہم سے نہیں ملیں گے لیکن میں یہ واضح کردوں کہ کراچی چیمبر کو تاجروں کی آواز بننا پڑے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں