جشن میلاد النبی ؐپر صفائی ،بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

 جشن میلاد النبی ؐپر صفائی ،بجلی،گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

پڈعیدن(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت جشن میلاد النبی ؐ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا ۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حضرت محمدﷺ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں، ماہ ربیع الاول محسن انسانیت ؐ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے اس لئے اس ماہ کو عید میلاد النبی کے طور پر منانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام عید میلاد النبی ؐاور سیرت النبی ؐکے پروگرامات منعقد کرائیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ اس موقع پر شہروں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ اہم چوراہوں پر چراغاں کیا جائے ۔ انہوں نے سیپکو اور سوئی گیس کے افسران کو بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ۔انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے کنٹی جنسی پلان ترتیب دینے کے احکامات بھی دیے ۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تحصیل سطح پر علماء کرام کے اجلاس منعقد کرکے مسائل معلوم کریں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور تمام سرکاری دفاتر پر چراغاں کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں