ریڈلائن منصوبہ شہریوں کیلئے وبال بن گیا،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اتوار کے روز یونیورسٹی روڈ پر کراچی اانفراسٹرکچر کی خراب ترین صورتحال،ریڈ لائن منصوبہ ودیگر شہری مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ۔۔۔
کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو صرف ریڈ لائن منصوبہ نہیں، اورنج لائن ٹرین اور ماس ٹرانزٹ منصوبے بھی چاہیئے ، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 16سال سے کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہی ہے ،بی آرٹی ریڈ لائن کے نام پر یونیورسٹی روڈ کو کھود کر چھوڑدیاگیا، شہر کے بڑے تعلیمی ادارے اوربڑے ہسپتال اسی شاہراہ پر موجود ہیں،سندھ حکومت نے لاکھوں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے ، ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کے لیے وبال جان بن چکا ہے ،اس منصوبے میں 3مزدور اپنی جان کی بازی ہارچکے ہیں، منصوبہ کو 2023دسمبر کو مکمل ہونا تھاجو آج تک مکمل نہیں ہوسکا۔سندھ حکومت ایک جانب اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی بات کرتی ہے دوسری جانب کراچی کے اداروں پر قبضہ کیا جارہاہے ، کچرااٹھانے کا اختیار بھی سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے ،صوبائی حکومت کراچی دشمنی ترک کرنے اور اختیارات منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی مہم جاری ہے ، ہم ہر صورت میں آئین کے آرٹیکل 14-Aکے تحت اختیارات منتقل کروائیں گے اور عوام کو ان کا حق دلوائیں گے ۔صوبائی حکومت سڑکوں کی تعمیر اورمرمت کے نام پر غیر معیاری کام کرواکے عوام کو دھوکا دے رہی ہے ، اربوں روپے کی بیرونی فنڈنگ پر کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔