آئینی ترامیم پارلیمنٹ اور عدالتی نظام کی توہین ہے ،حسین محنتی

 آئینی ترامیم پارلیمنٹ اور عدالتی نظام کی توہین ہے ،حسین محنتی

سکھر(بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے مجوزہ آئینی ترامیم کے معاملے کو پارلیمنٹ اور عدالتی نظام کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل جمہوری روایت کے منافی ہے ۔

حکومت اس اقدام کے ذریعے جمہوریت پر شب خون مارنے جارہی ہے ، جو ملک و قوم اور خود حکمران جماعتوں کیلئے نقصان دہ ہوگا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف بل پاس کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سکھر پریس کلب میں ضلعی امیر مولانا حزب اللہ جکھرو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودہی نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔امیر جماعت اسلامی سندھ نے مزید کہاکہ ملک بھر میں عموما ً اور سندھ میں خصوصاً بدامنی عروج پر ہے ،سندھ بد امنی کی آگ میں جل رہاہے ،اغواء برائے تاوان، ڈکیتی ،رہزنی کی وارداتیں عام ہیں ، کوئی فرد محفوظ نہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں بد امنی ،اغواء برائے تاوان کیخلاف 21 ستمبر کو کندھ کوٹ میں احتجاجی دھرنا دیا جائیگا اورریلی نکالی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو حکمران جماعت پی پی پی کی سرپرستی حاصل ہے اور وہ پچھلے 18 سال سے سرپرستی کر رہے اور کچے اور پکے کے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں