نبی کریم ﷺ کی ذات نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا: وزیراعظم
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی ذات نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا۔
بارہ ربیع الاول، ولادت باسعادت نبی کریم ﷺ کے حوالے سے لاہور میں محفل میلاد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن انتہائی مبارک ہے ، اس مقدس دن پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج اس عظیم ہستی کی ولادت ہوئی جس نے پوری کائنات بدل دی۔
انہوں نے کہا کہ آپﷺ نے حسن اخلاق کے اعلیٰ معیار قائم کیے، نبی کریم ﷺ اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی حسن اخلاق سے پیش آتے تھے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات فلاح انسانی کا بہترین ذریعہ ہیں۔
محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج ہمارے معاشرہ انتشار کا شکارہےاور معاشرے میں نفرت اور تقسیم پیدا ہورہی ہے، نبی کریم ﷺ کی ذات وہ چراغ ہے جس نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا، آپ ﷺ کی تعلیمات نے جہالت اور خون ریزی کرنے والوں کو اعلیٰ اوصاف کے حامل معاشرے میں بدل دیا۔
وزیر اعظم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، وہ دن دور نہیں جب فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان آزاد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ! پاکستان میں کروڑوں مسلمان بستے ہیں اور ہم آزاد ملک میں رہ رہے ہیں، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی وجہ سے غیر مسلم بھی پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگیاں گزار رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کے بعد اربوں لوگ اسلام کی تعلیمات سے منورہوئے، معاشرتی استحصال جیسے رویوں کے خاتمے کیلئے سب کو اپنا کردار اداکرنا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ آقا کریم ﷺ کے غلام کا طرز عمل ان کی تعلیمات سے منافی ہو۔