بلدیات پرجعلی مینڈیٹ والی قیادت مسلط،منعم ظفر

بلدیات پرجعلی مینڈیٹ والی قیادت مسلط،منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل رسول ؐ کے اسوئہ اور قرآن پر عمل کرنے میں ہے ۔۔

ایک ایسی جدوجہد کی ضرورت ہے کہ ہم ظالم کے سامنے رکاوٹ بن کر کھڑے ہو جائیں ، اس کے لیے اجتماعیت، قوت اور طاقت درکار ہے ،ظلم کی شکلیں مختلف ہیں،ان کے خلاف اجتماعی قوت بننا ہے ،یہ کام صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے ۔عوام میں حقیقی عوامی قیادت کا شعور بیدار ہوگیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ جماعت اسلامی ملک کی گیر ممبرشپ مہم عوامی مسائل اُجاگر اور حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی،کارکنان گھر گھر پہنچیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد اور مقاصد سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روشناس کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن میں تین روزہ ‘‘فہم قرآن وسنت کانفرنس’’ کے تیسرے اور آخری روز اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید، امیر ضلع غربی مدثرحسین انصاری، سیکرٹری جنرل عبدالحنان خان، خالد زمان شیخ،شہبازخالدودیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، خواتین کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے مگر یہاں کے باسی مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں’ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ، بلدیات پر حقیقی قیادت کے بجائے جعلی مینڈیٹ والی قیادت مسلط کردی گئی ہے ، لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں’ پانی’بجلی اور گیس کا بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے ۔سیوریج کا نظام تباہ حال ہے ،سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں نے اہل غزہ اورمظلوم مسلمانوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں