ملیر ایکسپریس وے : پہلا حصہ آئندہ ماہ کھولنے کی ہدایت

ملیر  ایکسپریس  وے  :  پہلا حصہ  آئندہ  ماہ  کھولنے  کی  ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ملیر ایکسپریس وے پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔۔

تاکہ پہلے مرحلے کو آئندہ ماہ تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے ۔ انہوں نے یہ احکامات وزیراعلیٰ ہاؤس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیے ۔ اجلاس میں وزیر مں صوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ ، سیکریٹری توانائی مصدق خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے سی ای او اسد ضامن نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان بھر کے شہری ملازمت کی تلاش، کاروباری مواقع اور رہائش کی غرض سے کراچی کا رخ کرتے ہیں اس لیے شہری کی آبادی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگیا ہے ۔ آبادی میں بے پناہ اضافے کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور شہر کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک جام کے واقعات عام ہوگئے ہیں۔ شہریوں کو وقت اور پٹرول کے ضیاع جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شور اور دھویں کے باعث ماحولیاتی آلودگی اور حادثات بھی بڑھ رہے ہیں۔ اس صورتحال کو مدں ظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے مختصر متبادل راستے کے ذریعے شہر کو موٹروے سے جوڑنے کا فیصلہ کیا۔ جانچ پڑتال کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ ملیر ندی کے دائیں کنارے پر پچاس کلومیٹر طویل چھ رویہ ایکسپریس وے قائم کیا جائے جو قیوم آباد کے قریب کے پی ٹی انٹرچینج سے شروع ہو کر کاٹھوڑ کے مقام پر ایم 9 موٹروے سے ملے ۔ جام صادق پل سے شروع ہونے والے ملیر ایکسپریس وے پر تین پل اور ایک انڈرپاس ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ جام صادق پل سے قائد آباد تک 15 کلومیٹر کا پہلا حصہ 85 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔ قائدآباد سے کاٹھوڑ تک 38 کلومیٹر پر مشتمل دوسرے حصے پر 35 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ کو ہدایت کی کہ وہ ملیر ایکسپریس وے پر قائدآباد پل، شاہ فیصل انٹرچینج اور ای بی ایم انٹرچینج پر کام کی خود نگرانی کریں تاکہ ملیر ایکسپریس وے کا پہلا حصہ آئندہ ماہ کے آخر تک ٹریفک کیلیے کھول دیا جائے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے کے کناروں اور سلوپ کے کام کو باقاعدہ اچھے طریقے سے سرانجام دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں