الماری سے ملنے والی لاش کا کیس حل،4ملزمان گرفتار

الماری سے ملنے والی لاش کا کیس حل،4ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بازار پولیس نے جرمن اسکول کے قریب الماری سے ملنے والی لاش کے کیس کو حل کرکے واقعے میں ملوث 4ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا تھا ۔

مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد حسن شاہ ولد شاہ محمد کے نام سے ہوئی، جسے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ قتل کا مقدمہ تھانہ پاکستان بازار میں درج کیا گیا تھا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی کے مطابق گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم رب نواز اور مقتول ہم سب آپس میں دوست تھے اور ملزم رب نواز اور مقتول حسن شاہ کے درمیان ذاتی لڑائی جھگڑا تھا۔ ملزمان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وقوعے کے روز ہم سب رب نواز کے گھر پر موجود تھے جہاں انہوں نے شراب پی اور اسی دوران حسن شاہ اور ملزم رب نواز کے درمیان لڑائی جھگڑا شروع ہوا۔ ملزم بلال کے مطابق ملزم رب نواز نے مقتول کے چکر میں اپنی بیوی کو طلاق دیدی تھی اور اسے شک تھا کہ مقتول محمد حسن شاہ کے اسکی بیوی سے تعلقات ہیں ، ملزمان کے مطابق ہم سب نے مل کر محمد حسن شاہ کو پکڑ کر چارپائی پر باندھنے کے بعد قتل کیا اور لاش کو الماری میں رکھ کر سوزوکی کے ذریعے جرمن اسکول کے قریب چھوڑ آئے تھے ۔ گرفتار ملزمان میں محمد عمیر ، بلال ، محمد بلال اور وقار شامل ہیں، جبکہ مرکزی ملزم رب نواز کی تلاش کے لئے کارروائیاں جاری ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں