تفتیش کے معیار کو مزید بہترکیا جارہا ہے ،پولیس چیف

 تفتیش کے معیار کو مزید بہترکیا جارہا ہے ،پولیس چیف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس ہیڈ آفس میں تفتیش کو بہتر بنانے کے لئے ٹریننگ سیشن ہوا۔ ماسٹر ٹرینرز میں پولیس افسران کے علاوہ، خصوصی طور پر یونیورسٹی آف کیمبرج کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سوزن گرنی نے آن لائن ٹریننگ سیشن کیا۔

انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اورکیریئر کی روشنی میں، قتل، زنا و دیگر کیسز میں فارنزک، بیلسٹک، فائبر اور فنگر پرنٹ کی تفتیش کے جملہ امور، اہمیت اور سامنے آنیوالے نتائج پر ٹریننگ سیشن میں شریک سندھ پولیس کے تمام 30 یونٹس کو آن لائن لیکچر دیا۔پروفیسر ڈاکٹر سوزن گرنے نے بین الاقوامی طور پر ہونے والی نئی تحقیق، شواہد اور ثبوتوں کے اعلی معیار برقرار رکھنے ، اور چین آف کسٹڈی کے معیارات جیسی ضروری تفصیلات کا اپنے لیکچر میں احاطہ کیا اور شرکاء کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے جیسی تفتیشی تکنیکس کے بارے میں بتایا۔ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مختلف پروگراموں کے ذریعے تفتیش کے معیار کو مزید بہتر کیا جارہا ہے ۔ انویسٹی گیشن آفیسرز کو تفتیش کے تمام پہلوؤں پر ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر سابق آئی جی نیاز احمد صدیقی، فوزیہ طارق، سابقہ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار علی مہر، ڈی آئی جی ذوالفقار لاڑک نے بھی تیکنیکی مسائل، اور کورٹ پروسیجر کے حوالے سے نکات بیان کئے ۔اس موقع پر سیشن میں شریک تفتیشی افسران، اور کرائم سین یونٹ کے افسران نے تفتیش سے متعلق تیکنیکی اور قانونی امور پر سوالات بھی کئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں