یہاں کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ ہی کوئی نظام،سندھ ہائیکورٹ

یہاں  کوئی  پوچھنے  والا ہے اور نہ ہی کوئی نظام،سندھ ہائیکورٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی کی نجی سوسائٹی میں رہائشی پلاٹ پر اسکول کیخلاف درخواست پر ایس بی سی اے کے مہلت طلب کرنے پر سماعت ملتوی کردی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ سوسائٹی میں رہائشی پلاٹ پر اسکول چلایا جارہا ہے ۔

 کمرشل سرگرمیوں کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات بھی کی گئی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شکر کریں رہائشی پلاٹ پر اسکول ہی چلایا جارہا ہے ؟ یہاں کوئی نظام ہی نہیں ہے ، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔ آپ نہیں چاہتے کہ بچے تعلیم حاصل کریں؟ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ سوسائٹی میں اسکول کے لئے پلاٹ مختص ہے ۔ رہائشی پلاٹ پر اسکول سے اطراف کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایس بی سی اے سے رپورٹ منگوا لیتے ہیں۔ ایس بی سی اے نے رپورٹ جمع کروانے کے لئے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 4 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن کی طالبہ کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر نادرا حکام کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ انشرہ کے والد کا 2017 میں قتل ہوا تھا۔ انشرہ کی والدہ کیخلاف والد کے قتل کا مقدمہ درج ہے ۔ والدہ مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں لیکن شناختی کارڈ کے اجرا میں تعاون نہیں کررہی۔ نادرا حکام والدین کے بغیر شناختی کارڈ کا اجرا نہیں کررہے ۔ نادرا حکام کے پاس اختیار ہے کہ وہ والدین کے بجائے کسی اور رشتے دار کے بائیومیٹرک کی بنیاد پر شناختی کارڈ کا اجرا کرسکتا ہے ۔مزید برآں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس ارشادعلی شاہ پرمشتمل ڈویژن نے عمرہ کی آڑ میں بھکاریوں کو سعودی عرب بھیجنے کے مقدمے کو کالعدم قرار دینے کے لیے دائر ٹریول ایجنٹ کی درخواست پر ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ایف آئی اے نے ٹریول ایجنٹ عطاء محمد پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کچھ افراد کو عمرہ کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب بھیجا گیاہے ۔ عطاء محمد ٹکٹ کنفرم کرواکر دے سکتا ہے مگر ویزہ دلوانا ٹریول ایجنٹ کی ذمہ داری نہیں ہے ۔  

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں