سکھر:مجلس وحدت کا حسن نصر اللہ کی شہادت کے خلاف احتجاج

 سکھر:مجلس وحدت کا حسن نصر اللہ کی شہادت کے خلاف احتجاج

سکھر(نمائندہ دنیا)مجلس وحدت المسلمین ضلع سکھر کی جانب سے حسن نصر اللہ کی لبنان میں شہادت کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔۔۔

احتجاجی مظاہرے میں مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری چوہدری اظہر حسن،معروف عالم دین علی بخش سجادی، عزاداری ونگ کے بابر حسین ابڑو، یوتھ ونگ کے زوہیب کلوڑ، مجلس وحدت المسلمین کے صدر محسن حسین اترا سمیت خواتین و بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں شرکا نے اسرائیل کی جانب سے لبنان و غزہ میں جاری بربربیت اور حسن نصر اللہ کو شہید کرنے کے خلاف اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل ہوش کے ناخن لے ،اس نے مسلسل جارحیت اور بربریت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم و صدر نامور مذہبی اسکالر مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں حزب اللہ کے سراہ کی بے مثال جدوجہد، استقامت اور باطل کے خلاف قیام کو تاریخ اسلام کا ایک روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسن نصر اللہ کی شہادت امت مسلمہ میں ایک نئے انقلابی جذبے کو جنم دے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا جو خون ہے وہ پانی سے بھی زیادہ بھاری ہے اور دنیا نے اسکا نظارہ افغانستان کے جہاد میں بخوبی دیکھ لیا ہے کہ شہداء نے اپنا خون دیکر اپنے ملک کو آزاد رکھا ۔انہوں نے مزید کہاکہ حسن نصر اللہ اور انکے ساتھیوں کی شہادت اور اس سے قبل اسماعیل ہنیہ کی شہادت عالم اسلام کیلئے فتح کا پیغام ضرور لائیگی ۔شہید سید حسن نصر اللہ کی شہادت عالم اسلام کیلئے عظیم نقصان ہے ۔انہوں نے حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ طوفان الاقصیٰ کے شہید ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں