بین الصوبائی منشیات سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن،3 ملزمان گرفتار

بین الصوبائی  منشیات  سپلائرز  کے  خلاف  کریک  ڈاؤن،3 ملزمان  گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسکریپ کی خرید و فروخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسکریپ کی خرید و فروخت میں ملوث 4 ملزمان عثمان علی، نواب خان، ذوالفقار اور غلام سرور کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ رکشے اور موٹر سائیکلوں کا سامان، موٹر سائیکل کے انجن اور اسپیئر پارٹس برآمد کر لیے گئے ۔ملزمان نے ابراہیم حیدری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں چوری شدہ اسکریپ کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ابراہیم حیدری پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں موچکو پولیس نے بین الصوبائی منشیات اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سپلائر کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہیں۔ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کلو سے زائد مختلف اقسام کی منشیات برآمد ہوئی، گرفتار ملزم عبدالقیوم اشتہاری تھا اس سے قبل بھی 4 مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگلنگ کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے ۔مزید برآں منگھوپیرپولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اورموٹرسائیکلوں کا سامان برآمد کرلیا۔پولیس نے خفیہ اطلاع پرالطاف نگرمیں کارروائی کرتے ہوئے چاررکنی ڈکیت گینگ کو گرفتارکرلیا ملزمان الطاف نگر میں واقع خالی مکان میں موجود واردات کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمان میں عرفان ولد نذیر احمد، عبدالباسط ولد علی بلال، زکریا ولد محمد اسحاق اورسلمان ولد فضل اکبرشامل ہیں۔گرفتار ملزمان سے غیر قانونی پسٹل، 2 موٹرسائیکلز، 2 موٹرسائیکلز کے چیچس اور مختلف پارٹس برآمد ہوئے گرفتار ملزمان سے برآمدشدہ ایک موٹر سائیکل اور ایک چیچس رسالہ اور کھارادر تھانے کی حدود سے چوری شدہ ہے جبکہ دیگر برآمدہ موٹرسائیکل، چیچس اور پارٹس،سامان بھی سرقہ شدہ موٹرسائیکلز کے ہیں جن کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔گرفتارملزمان چوری، چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پارٹس کھول کر فروخت کرتے ہیں گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں