میرپورخاص :جعلی زرعی ادویہ،بیج،کھاد کے گودام پر چھاپہ

میرپورخاص :جعلی زرعی ادویہ،بیج،کھاد کے گودام پر چھاپہ

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود سندھ اسمال انڈسٹری میں محکمہ زراعت کے افسران کا جعلی زرعی ادویات، بیج اور کھادوں کے گودام پر چھاپہ،بڑی مقدارمیں مٹی کی ملاوٹ والی کھاد اور کروڑوں روپے مالیت کی غیر رجسٹرڈ زرعی ادویات برآمد، گودام کا مالک فرار ہو گیا۔۔

گودام سربمہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت ذوالفقار علی جاگیرانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مجتبیٰ نے عملے کے ہمراہ گودام پر چھاپہ مارکر کروڑوں روپے مالیت کی زرعی ادویات ،کھاد اور بیج برآمد کرلیا۔ اس موقع پر ذوالفقار جاگیرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اطلاع پر سندھ اسمال انڈسٹری ایریا میں گودام پر چھاپہ مارا گیا جو یوفا سیڈ اینڈ کیمیکل کمپنی کے نام سے ہے ، یہ گودام ہمارے پاس رجسٹرڈ نہیں ہے ، گودام سے مٹی کی ملاوٹ والی جعلی زرعی کھاد اور غیر معیاری ایکسپائرڈ پنجاب کمپنی کی ادویات برآمد ہوئیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے ہے اور یہ قانونی جرم ہے کیونکہ یہ محکمہ زراعت کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہے ، ایک خراب کانٹا بھی تحویل میں لیا گیا ہے جس میں مٹی کو تول کر کھاد میں شامل کیا جاتا تھا جو آبادگاروں کو نقصان دیتا ہے ، کارروائی کے بعد گودام کو سربمہر کر دیا گیا ہے ۔ گودام مالک لقمان جٹ موقع سے فرار ہونے می کامیاب ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والے گودام ک مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں