بلدیہ عظمیٰ:گاڑیوں ودیگرآلات کی فزیکل تصدیق شروع

بلدیہ عظمیٰ:گاڑیوں ودیگرآلات کی فزیکل تصدیق شروع

کراچی(آن لائن)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں زیراستعمال سرکاری گاڑیوں اور ایندھن سے چلنے والے آلات و مشینری کی فزیکل تصدیق شروع کردی گئی ہے ۔۔

جس کا مقصد ادارے کے وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و عملے کے زیر استعمال 600 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت مختلف محکموں میں زیر استعمال 430 خدماتی گاڑیوں بشمول جنریٹرز ودیگر کی تصدیق بھی کی جارہی ہے ۔22 اکتوبر سے شروع ہونے والا تصدیقی عمل 20 نومبر تک جاری رہے گا جس کے دوران محکمہ پارکس، فائر بریگیڈ، فیومیگیشن، انجینئرنگ، میونسپل سروسز، اینٹی انکروچمنٹ ، لینڈ، کچی آبادی، سٹی وارڈن، اسٹیٹ، ایچ آر ایم ودیگر محکموں کی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا۔ تصدیقی عمل کے دوران کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے والی گاڑیوں کا ماہانہ ایندھن بند کردیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ اسٹور اینڈ پروکیورمنٹ کے تحت کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں جاری کے ایم سی کی گاڑیوں اور آلات کے تصدیقی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔میئر نے ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کی گاڑیوں کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے فزیکل تصدیق کا عمل ہر پہلو سے مکمل کیا جائے ،اس سلسلے میں تمام محکموں سے رابطہ رکھا جائے اور انہیں ہدایت کی جائے کہ کے ایم سی کے تمام افسران و دیگر عملہ اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی سمیت مقررہ وقت پر تصدیقی کمیٹی کے روبرو پیش ہو ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں