نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس کیخلاف کارروائی کا اعلان

نجی  گاڑیوں  پر  سرکاری  نمبر  پلیٹس  کیخلاف  کارروائی  کا  اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس ضمن میں محکمہ ایکسائز کو کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز محمد سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے سالانہ ٹیکس محصولات کا 34 فیصد تین ماہ 15 دن میں حاصل کر لیا ہے ۔ اجلاس میں سینئروزیر نے محکمہ ایکسائز کو ٹیکس ٹارگٹ بڑھانے اور ٹیکس وصولیاں تیز کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ۔ اجلاس میں ٹیکسیشن کے نظام کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی گھر بیٹھے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر نے کہا کہ یکم جنوری سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر بھی آن لائن ہو جائے گی ، شہری گھر بیٹھے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کر سکیں گے اور موٹر وہیکل ٹیکس بھی گھر بیٹھے ادا کر سکیں گے ، نقد ڈیلنگ ختم ہونے سے عوام کو بہترین سہولت ملے گی اور شفافیت کو بھی فروغ ملے گا، حکومت سندھ کے ویژن کے تحت ٹیکس ادائیگی کا نظام مزید آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے ، تمام اقدامات کا مقصد عوام کی دشواریوں کا خاتمہ ہے ، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن نے حالیہ مالی سال کے ٹیکس ٹارگٹ کا 34 فیصد وصولی کر لیا، جو خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نمبر پلیٹ لگانے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جائے ، نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور نمبر پلیٹ کی چیکنگ کے لئے مزید اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایات دیں کہ سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈ ریزنگ کے لیے پریمئم اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کے لیے رابطہ مہم تیز کی جائے ، پریمئم اور پرسنل نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کو مزید تیز کرنے کے لیے مہم چلائی جائے ۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ لوگ آن لائن نیلامی میں حصہ لے سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں