نشتر ہسپتال، سکیورٹی گارڈز کا تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

نشتر ہسپتال، سکیورٹی گارڈز کا تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

ملتان(لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کے سکیورٹی گارڈز کا تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ڈیوٹی چھوڑ کر احتجاج، سرکاری سکیورٹی گارڈز نے احتجاج کرنے والے گارڈز کو دھکے دے کر احتجاج رکوا دیا۔۔

احتجاج کرنے والے گارڈز کو نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں ۔تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال میں نجی کمپنی کے زیر انتظام کام کرنے والے سکیورٹی گارڈز نے گزشتہ روز صبح ڈیوٹیاں چھوڑ کر نشتر ہسپتال ایم ایس دفتر کے سامنے احتجاج کیا،سکیورٹی گارڈز کا کہنا تھا کہ چند گارڈز کو جولائی کی تنخواہ کی مد میں صرف دس دس ہزار روپے کی پہلی قسط دی گئی تاکہ کوئی احتجاج نہ کرے جبکہ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ نجی کمپنی والے کہتے ہیں نشتر انتظامیہ بل کلیئر نہیں کر رہے جبکہ نشتر ہسپتال انتظامیہ والے کہتے ہیں نجی کمپنی تنخواہ دے گی، ادھر نشتر ہسپتال کے سرکاری گارڈز احتجاج کرنے والے گارڈز کو منتشر کرنے کیلئے دھکے دیتے رہے ۔ ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد کاظم کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی نے ایک بل جمع کرا دیا ہے کل تک تنخواہ منتقل کر دی جائیگی جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے گارڈز کو نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں