پیپلزپارٹی کی 16سالہ حکمرانی بدترین دور،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام بجلی، پانی، گیس، ٹرانسپورٹ، تباہ حال انفرا اسٹرکچر، مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔
سندھ میں پیپلز پارٹی کا 16سالہ دور بد ترین حکمرانی کا دور ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کی جانب سے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے کا کریڈیٹ لینے کے بجائے اہل کراچی کے مسائل حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرقاضی صدرالدین،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجودتھے ۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج اور دھرنے سمیت عدالتی راستہ بھی اختیار کریں گے ،گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سمیت تمام عوام دشمن حکومتی فیصلوں اورا قدامات میں پیپلز پارٹی شریک ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ گیس کے نرخوں میں 53.5فیصد اضافے اور کے الیکٹرک کے 7سالہ ڈالر بیسڈ جنریشن ٹیرف کا فیصلہ واپس لیا جائے ، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی کو این ٹی ڈی سی سے براہ ِ راست بجلی فراہم کی جائے ۔