کے آئی ایچ ڈی،12سال بعد پیس میکر لگانے کا آغاز
کراچی (آن لائن) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 12سال کے وقفے کے بعد دوبارہ مستقل پیس میکر لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے مریض کو کامیابی کے ساتھ پیس میکر لگا دیا گیا ہے ۔۔۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم اس قابل ہیں کہ کے آئی ایچ ڈی میں تقریباً تمام کارڈک پروسیجرز مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جن میں الیکٹیو پی سی آئی، پرائمری پی سی آئی، انجیوگرافی شامل ہیں جبکہ نان انوویسیو ڈپارٹمنٹ بھی مریضوں کو بھرپور خدمات فراہم کر رہا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ شہری اداروں کی ترقی و کامیابیوں کا سفر جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 12 سال کے بعد دوبارہ پیس میکر لگانے کے آغاز پر اسپتال کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ ضلع وسطی، ضلع شرقی اور ضلع غربی کے مکینوں کیلئے یہ بہت بڑی خوش خبری ہے کہ انہیں اپنی رہائش گاہ کے قریب دل کی بیماریوں کے علاج کی معیاری اور باکفایت سہولیات میسر آئی ہیں، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں نوجوانوں کو نرسنگ کی تربیت بھی سو فیصد اسکالرشپ پر فراہم کی جا رہی ہے اور اس اسپتال کو سیٹلائٹ کے ذریعے قومی ادار امراض قلب سے منسلک کیا گیا ہے۔