محمدعلی جناح یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کا پولیس ٹریننگ اسکول کادورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے پولیس اسکول آف انویسٹی گیشنز، گارڈن کاتربیتی دورہ کیا۔
20طلبہ وطالبات پر مشتمل وفدنے عینی حیدر (لیکچرر آف میتھمیٹکس) اور محمد راشد خان (منیجر اسٹوڈنٹ افیئرز اینڈ پلیسمنٹس) کی سربراہی میں پولیس کے شعبے سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔اس موقع پر پولیس اسکول آف انویسٹی گیشنز کے انچارج کرمنالوجسٹ انسپکٹر ضیاء اللہ نے اسکول کے تربیتی پروگراموں، اہداف اور کامیابیوں پر ایک دلچسپ پریزنٹیشن دی۔ ماجو کے مختلف شعبہ جات تعلق رکھنے والے طلبہ نے پولیس اسکول کے تربیتی پروگراموں میں حصہ لینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے سندھ پولیس میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈی ایس پی شمیم احمد نے تاریخی نوادرات پر بریفنگ دی اور سندھ پولیس کی شاندار تاریخ اور روایات کو اجاگر کیا۔منیجراسٹوڈنٹ افیئرز محمد راشد خان نے کہاکہ دورہ طلباء کو پولیس اسکول آف انویسٹی گیشنز میں قائم کردہ عملی اور تربیتی معیار کا براہ راست مشاہدہ فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مستقبل میں رابطے کو فروغ دینے کا ایک شاندار موقع تھا۔