کچی آبادیوں میں غیر قانوسنی تعمیرات روکنے کے احکامات
کراچی (آن لائن) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کچی آبادیوں میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انہیں روکنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور کسی بھی قسم کی ٹرانزٹ پر پابندی عائد کردی ہے ۔۔۔
حسرت موہانی کالونی، محمود آباد نالے ، غوثیہ کالونی میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے لہٰذا عوام کسی بھی غیرقانونی کارروائی کا حصہ نہ بنیں بصورت دیگر کسی بھی غیرقانونی تعمیر، لیز اور دیگر معاملات میں شامل ہونے پر وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے ، کے ایم سی کے جو ملازمین غیرقانونی کاموں میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں نوکری سے بھی برخاست کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کواپنے دفتر میں محکمہ کچی آبادی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں میونسپل کمشنر افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، سینئر ڈائریکٹر کچی آبادی فراز انور شیخ اور متعلقہ تمام افسران نے شرکت کی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ کے ایم سی کی 202کچی آبادیوں کے نقشہ جات بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ویب سائٹ پر جاری کردیئے جائیں، پبلک پراپرٹی عوام کے لئے ہے اور اس سے متعلق تمام عمل شفاف ہونا چاہئے ، نالوں پر کسی بھی قسم کی تعمیرات غیرقانونی ہیں انہیں فوری روکا جائے ۔ میئر نے کہا کہ کچی آبادیوں میں کثیر المنزلہ عمارات، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز بنانا غیرقانونی ہے۔ وہاں قانون کے مطابق صرف گراؤنڈ اور ایک منزل ہی تعمیر ہوسکتی ہے ، گزشتہ چالیس سالوں میں جو کچھ اس شہر کے ساتھ ہوا وہ ناقابل برداشت ہے اب مزید غیرقانونی کام برداشت نہیں کئے جائیں گے۔